ملکی غیرت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا، نوازشریف
پاکستان کے سابق وزیراعظم اور مسلم نون کے رہنما میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ملکی غیرت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق لندن میں ایک انٹرویو کے دوران میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہمیں پانچ ارب ڈالر کی پیشکش کی گئی لیکن ہم نے بقول ان کے ابسلوٹلی ناٹ کہا ۔ رپورٹ میں اس جانب کوئی اشارہ نہیں کیا کہ پانچ ارب ڈالر کی پیشکش کب اور کس نے کی تھی۔
پاکستان کے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی اپنی غیرت ہے، اس پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا۔
میاں نواز شریف نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پر ملک سے انتقام لینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سے آپ کو انتقام لینا تھا آپ لے لیتے، پاکستان سے انتقام لینے کی کیا ضرورت تھی، آپ نے پاکستان کا بھٹہ بٹھا دیا ہے۔
پاکستان کے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے دعوی کیا کہ میرے دور حکومت میں عوام خوش تھے، عمران خان کے دور میں ہر چیز مہنگی ہوئی ہے، میرے دور تک عوام خوش تھے۔ نوازشریف کی میڈیا سے یہ گفتگو ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ وہ جلد پاکستان واپس جا سکتے ہیں ۔