Oct ۱۲, ۲۰۲۲ ۱۱:۳۲ Asia/Tehran
  •  ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی ۔ 5 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ حفاظتی ضمانت 18 اکتوبر تک منظور کی گئی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر اعتراضات نظر انداز کرتے ہوئے عدالت پیشی تک گرفتاری سے روک دیا اور عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

عمران خان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کے دو شریک ملزمان نے ضمانت کے لئے بینکنگ کورٹ سے رجوع کیا، بینکنگ کورٹ اور سپیشل جج سینٹرل دونوں عدالتوں نے سننے سے معذرت کی، عمران خان کی گرفتاری کا خدشہ ہے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے سوال کیا کہ آپ کے خیال میں ممنوعہ فنڈنگ کیس کون سی عدالت میں جانا چاہئے؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس سپیشل جج سینٹرل کی عدالت میں جانا چاہیے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ عمران خان کہاں ہیں ؟ پیش کیوں نہیں ہوئے ؟ وکیل نے جواب دیا کہ عدالت حکم کرے تو عمران خان فوری عدالت پیش ہوجائیں گے، بنی گالہ میں پولیس نے عمران خان کے گھر کا محاصرہ کیا ہوا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالت میں پیشی تک عمران خان کی گرفتاری سے روک دیا، درخواست گزار تین بجے تک اس عدالت میں پیش ہوجائیں، وکیل نے کہا تین بجے دیر ہو جائے گی ابھی آدھے گھنٹے میں آجاتے ہیں، چیف جسٹس ہائیکورٹ نے کہا ٹھیک ہے آجائیں۔

واضح رہے کہ عمران خان نے فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں حفاظتی ضمانت کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ایف آئی اے نے فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے ۔عدالت حفاظتی ضمانت منظور کرے تاکہ متعلقہ عدالت میں پیش ہو سکیں۔

ٹیگس