بائیڈن کے بیان کی وضاحت
امریکی وزارت خارجہ نے صدر جو بائیڈن کے حالیہ متنازعہ بیان کی وضاحت میں ایٹمی اثاثوں کے تحفظ کے تعلق سے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا لیکن بائیڈن کا بیان واپس نہیں لیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان:پاکستانی ذرائع کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے جیونیوز کے نمائندے سے گفتگو میں، کہا ہے کہ امریکا کو ایٹمی اثاثوں کے تحفظ کے لئے پاکستان کے عزم پر اعتماد ہے ۔
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ صدر جو بائیڈن سمجھتے ہیں کہ محفوظ اور خوشحال پاکستان امریکی مفادات کے لئے انتہائی اہم ہے ۔ انھوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ طویل عرصے سے جاری تعاون کو بقول ان کے قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان کا یہ وضاحتی بیان ایسی حالت میں آیا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کے بارے میں جو بائیڈن کے بیان پر پاکستان کا سخت رد عمل سامنے آیا تھا۔
پاکستان کی وزارت خارجہ میں امریکی سفیر کو طلب کرکے انہیں احتجاجی نوٹ دیا گیا جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف اور پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان سمیت سبھی اہم سیاستدانوں نے بائیڈن کے بیان کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اسے واپس لئے جانے کا مطالبہ کیا تھا۔
پاکستانی حکام کے شدید ردعمل اور احتجاج کے باوجود امریکی وزارت خارجہ نے نہ تو صدر بائیڈن کے بیان واپس لیا ہے اور نہ ہی ہتک آمیز الفاظ کے استعمال پر عذرخواہی کی ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک تقریر میں ہتک آمیز لہجے میں پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو بے قاعدہ قرار دیتے ہوئے پاکستان کو دنیا کے خطرناک ترین ملکوں میں شمار کیا تھا۔