لاہور کانفرنس میں فوج کے خلاف نعرے بازی پر شہباز شریف برھم
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں منعقدہ کانفرنس فوج اور اداروں کے خلاف نعرے بازی کی شدید الفاظ مذمت کی ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان:میڈیا رپورٹوں کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم ریاستی اداروں کے خلاف بلا جواز نعرے بازی کی مذمت کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایسے فورموں کو مسلح افواج کے خلاف استعمال کرنا قابل افسوس ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بھی مذکورہ کانفرنس میں اداروں کے خلاف نعرے بازی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی پلیٹ فارم کو اداروں کے خلاف استعمال نہیں ہونا چاہیے۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھی اس حوالے سے ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزرا کی موجودگی میں ریاستی اداروں کےخلاف نازیبا نعرے سوالیہ نشان ہیں۔
خیال رہے کہ لاہور میں سالانہ عاصمہ جہانگیر کانفرنس کے دوران شرکا نے نعرے بازی کی تھی جس کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔