Oct ۲۵, ۲۰۲۲ ۱۹:۰۷ Asia/Tehran
  • عمران خان  نے لانگ مارچ کا اعلان کر دیا

عمران خان نے لانگ مارچ کا اعلان کر دیا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان:لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ جمعہ کو دن 11بجے  لبرٹی چوک سے شروع ہو گا اور ہم اسلام آباد کی طرف جائیں گے۔

اس سے قبل پشاور میں وکلاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ یہ پاکستانی تاریخ کا وہ مرحلہ ہے جس میں مجھے وکلا برادری کی ضرورت ہے، اللہ کا حکم ہے میری زمین پر انصاف قائم کرو، صحافت میں سب سے زیادہ عزت میں ارشد شریف کی کرتا تھا، انسان اور جانوروں کے معاشرے میں فرق صرف انصاف کا ہے، انسانی معاشرہ تب بنتا ہے جب کمزور کو طاقتور سے تحفظ ملے، انصاف خوشحالی لے کر آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس ملک میں انصاف ہے وہ خوشحال ہے، طاقتور چوری کرے تو این آر او،کمزور چوری کرے تو جیل میں جاتا ہے،ارشد شریف حق اور سچ پر کھڑا ہوتا تھا، ضمیر کا سودا نہیں کرتا تھا، جب قوم اچھائی اور برائی میں فرق کرنا ختم کرتی ہے تو تباہ ہوجاتی ہے، ارشد شریف کسی مافیا کونہیں بخشتا تھا،  جہاد مسلمانوں پر فرض ہے، جہاد میں آپ ظلم کا مقابلہ کرتے ہیں، ارشد شریف کو نامعلوم نمبروں سے دھمکیاں آئیں، مجھے معلومات آئیں کہ ارشد شریف کو مارنے لگے ہیں، ارشد شریف کو کہا تم ملک سے باہر چلے جاو، ان کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ، ارشد شریف کو پتہ تھا اس کی جان خطرے میں ہے،اس کے باوجود یہ راہ حق سے پیچھے نہیں ہٹا،ارشد شریف اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹا، ملک دورائے پر کھڑا ہے ۔

عمران خان کا کا کہنا تھا کہ فیصلہ کیا ہے کہ جب تک زندہ ہوں ظالموں کا مقابلہ کروں گا، یاد رکھیں اللہ نے کسی کو نیوٹرل رہنے کی اجازت نہیں دی، میں 26 سال پہلے اس ملک میں انصاف قائم کرنے کیلئے نکلا تھا۔

ٹیگس