Oct ۲۵, ۲۰۲۲ ۲۲:۴۸ Asia/Tehran
  • پاکستانی وزیر اعظم کی سعودی وزیر اعظم سے ملاقات، اہم امور پر گفتگو

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے دو روزہ سرکاری دورے کے موقع سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان سے ملاقات کی جہاں معیشت اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا کیا۔

سحر نیوز/ پاکستان: ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ریاض میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور اقتصادی شعبے میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں خطے میں سلامتی اور تعاون جیسے امور پر تبادلۂ خیال کیا۔

وزیراعظم کے ہمراہ پاکستانی وفد میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیرخزانہ اسحٰق ڈار، وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب اور وزیرمملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر پیر کے روز سعودی عرب پہنچے تھے جہاں ریاض کے گورنر فیصل بن بندر آل نے ان کا استقبال کیا تھا۔

اس سے پہلے ریاض میں منعقدہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو سمٹ میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب اور دنیا کے دیگر ممالک کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

ٹیگس