Oct ۲۶, ۲۰۲۲ ۰۸:۴۹ Asia/Tehran
  • سینئر صحافی ارشد شریف کی لاش پاکستان پہنچ گئی، تدفین جمعرات کو ہو گی

کینیا میں پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے پاکستان کے سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کی میت پاکستان پہنچ گئی۔

سحر نیوز/ پاکستان:پاکستان کے سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کی میت نجی ایئرلائن کے ذریعے کینیا سے براستہ دوحا اور پھر اسلام آباد کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچائی گئی جہاں  اسلام آباد ایئرپورٹ کے کارگو ٹرمینل پر مقتول ارشد شریف کے اہل خانہ، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری، مراد سعید اور صحافی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق ارشد شریف کی نماز جنازہ جمعرات کو دوپہر 2 فیصل مسجد میں ادا کی جائے گی جبکہ اسلام آباد ایچ الیون میں اُن کی تدفین کی جائے گی، لاش کو ہسپتال منتقل کیا جائے گا جہاں قانونی کارروائی کے بعد اسے مردہ خانے میں رکھا جائے گا۔

سینیئر صحافی اور اینکر ارشد شریف کا پاکستان میں بھی پوسٹ مارٹم کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل کینیا میں پولیس کی فائرنگ میں مارے جانے والے معروف پاکستانی صحافی اور ٹی وی اینکر کی موت حکومت اپوزیشن اور فوج کے درمیان سیاسی تنازعے میں تبدیل ہوگئی ہے۔

پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان نے کل پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صحافی ارشد شریف کی موت کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیا تھا۔

انہوں نے کسی ادارے کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ صحافی ارشد شریف کو سچ بولنے اور حکومت کی تبدیلی کی سازش کو بے نقاب کرنے پر نامعلوم نمبروں سے دھمکیاں ملی تھیں۔

قابل ذکر ہے کہ صحافی ارشد شریف پر تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کا انٹرویو نشر کرنے کی وجہ سے سخت دباو تھا اور اسی لئے انہوں نے کینیا جانے کا فیصلہ کیا جو ان کی موت کا سبب بنا۔

ٹیگس