پاکستان، لانگ مارچ کے دوران خاتون صحافی کی موت، سیاسی رنگ اختیار کر گئی
پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ایک حادثے کی وجہ سے ہمیں مارچ ملتوی کرنا پڑا ہے، یہ جو ٹریجڈی ہوئی ہے، ہم ان کی فیملی کے لیے اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ ان کو حوصلہ دے اور طاقت دے۔
سحر نیوز/ پاکستان: سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پی ٹی آئی کے ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ چیئرمین عمران خان کی خاتون صحافی کے ساتھ حادثے پر اظہار تعزیت اور آج کے دن کے لیے لانگ مارچ کو فوری طور پر روک دیا گیا۔
دوسری جانب پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ رپورٹر صدف نعیم کی لانگ مارچ کنٹینر سے گرنے سے ہلاکت پر شدید دکھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندوہناک واقعے پر جتنا افسوس کیاجائے، کم ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مرحومہ خاتون رپورٹر صدف نعیم کے اہل خانہ کے لیے 50 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا متعلقہ حکام کو ضابطے کی کارروائی فوری مکمل کرکے چیک اہل خانہ کے حوالے کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ادھر پاکستان کے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے لانگ مارچ کے دوران کنٹینر کے نیچے گر کر جاں بحق ہونے والی صحافی صدف نعیم کی موت کی تحقیقات کا عندیہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موقع پر موجود صحافیوں کے انکشافات کے بعد معاملہ مشکوک ہوگیا ہے، پنجاب حکومت کی قانونی ذمہ داری ہے کہ ایک بے گناہ خاتون رپورٹر کی دردناک موت کی تحقیق کرائے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ جاں بحق خاتون رپورٹر کے ساتھی صحافیوں کا بیان ہے کہ صدف کو دھکا دیا گیا، دھکا دینے والے شخص کو گرفتار کیا جائے اور قانون کے تقاضے پورے کیے جائیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اس شہادتی بیان کے بعد ضروری ہے کہ واقعے کی تحقیقات ہوں، پنجاب حکومت نے اپنی قانونی اور انسانی ذمہ داری پوری نہ کی تو وفاقی حکومت اپنا قانونی فرض ادا کرے گی
پاکستان تحریک سندھ کے صدر علی زیدی نے کہا ہے کہ کراچی ٹول پلازہ سے پہلے ہمارا بڑا قافلہ جمع ہو گا۔
علی زیدی نے ٹوئٹر پر جاری ویڈیو میں کہا کہ حقیقی آزادی کے لیے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا لانگ مارچ عمران خان کی قیادت میں لاہور سے اسلام آباد کے لیے رواں دواں ہے۔