Nov ۰۸, ۲۰۲۲ ۰۹:۴۳ Asia/Tehran
  • دو ماہ قبل میرے قتل کا منصوبہ بنایا گیا: عمران خان

پی ٹی آئی کے چیئرمین نے دعوی کیا ہے کہ دو ماہ قبل میرے قتل کا منصوبہ بنایاگیا۔

سحر نیوز/پاکستان: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے دعویٰ کیا انکے قتل کا منصوبہ دو ماہ قبل تیار کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر آباد میں لانگ مارچ کے دوران انہیں تین گولیاں لگیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ حملہ کرنے والے دو تھے، شائد تین بھی ہو سکتے ہیں۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے استفسار کیا حملے کے بعد معاملے پر کیوں پردہ ڈالا جا رہا ہے، کوئی آزادانہ تحقیقات کیوں نہیں ہو رہیں.

انہوں نے آزاد اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں مقبولیت کے لیے کسی پر الزام لگانے کی ضرورت نہیں۔

انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سمیت تین افراد پر حملے میں ملوث ہونے کے الزام کا اعادہ کیا۔

عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال سے اپیل کی کہ انکوائری کے لیے کمیشن بنایا جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر میں غلط ہوں تو کمیشن مجھے غلط ثابت کرے، مجھے پورا یقین ہے کہ مجھ پر حملہ پلاننگ کے ساتھ کیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ دو ماہ پہلے بنایا تھا۔

 

ٹیگس