Nov ۱۱, ۲۰۲۲ ۱۶:۰۷ Asia/Tehran
  • ایران اور پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لیے مل کر کام کریں گے

ایران اور پاکستان نے علاقائی امن و سلامتی کے تحفظ اور خاص طور سے افغانستان کی تعمیر نو اور امن کے قیام کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

ہمارے نمائندے کے مطابق افغانستان کے امور میں صدر ایران کے خصوصی نمائندے حسن کاظمی قمی نے جمعرات کو اسلام آباد میں پاکستان کی وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں فریقین نے افغانستان میں امن و استحکام کے قیام کی ضرورت پرزوردیا اور اس مقصد کے لیے علاقائی کوششوں کو آگے بڑھانے کی راہوں کا جائزہ لیا۔
پاکستان کی وزیر مملکت برائے امور خارجہ حناربانی کھر نے اس موقع پر کہا کہ افغانستان کو اس وقت لاتعداد مسائل و مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان عوام کی فلاح و بہبود کے لیے عالمی برادری اور طالبان اتنظامیہ کے درمیان تعاون ضروری ہے۔
افغانستان کے امور میں صدر ایران کے نمائندے حسن کاظمی قمی نے اس سے پہلے اپنے پاکستانی ہم منصب محمد صادق خان سے ملاقات میں یہ بات زور دے کرکہی تھی کہ عالمی برادری کو افغانستان میں امن و استحکام کے معاملے پر خصوصی توجہ دینا چاہیے۔
واضح رہے کہ عالمی برادری نے اب تک طالبان حکومت کو تسلیم نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے کوئی بھی ملک افغانستان کے ساتھ لین دین اور تعاون کے لیے آمادہ نہیں ہے۔

ٹیگس