Nov ۱۷, ۲۰۲۲ ۱۵:۰۲ Asia/Tehran
  • پنجاب حکومت کی قائم کردہ جے آئی ٹی مسترد: پاکستان کی وفاقی حکومت

پاکستان کی وفاقی حکومت نے لانگ مارچ کے دوران سابق وزیر اعظم عمران خان پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی تحقیق کے لئے پنجاب حکومت کی قائم کردہ جے آئی ٹی مسترد کردی ہے۔

پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق اسلام آباد حکومت نے پنجاب حکومت کی قائم کردہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم جے آئی ٹی میں قانونی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے اس کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔

پاکستان کی وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ شفاف تحقیقات کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم جے آئی ٹی میں خفیہ ادارے کے نمائندے کو شامل کرنا ضروری ہے۔

رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے، پنجاب حکومت کے نام اپنے مراسلے میں، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم جے آئی ٹی میں پولیس افسر محمود ڈوگر کی شمولیت کو ناقابل قبول قرار دیا ہے جنہوں نے ماضی میں اسٹیبلشمنٹ ڈیویژن کے احکامات کی خلاف ورزی کی تھی ۔

پاکستان کی وفاقی حکومت نے عمران خان پر لانگ مارچ کے دوران قاتلانہ حملے کی تحقیقات کے لئے پنجاب حکومت کی جے ٹی آئی کو ایسی حالت میں مسترد کیا ہے کہ وزیر آباد کی سیشن عدالت نے اس مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو درخواست گزار کا بیان ریکارڈ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

ٹیگس