مکمل اختیارات کی صورت میں ہی وزیراعظم کا عہدہ قبول کروں گا: عمران خان
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ مکمل اختیارات ملنے پر ہی وزیر اعظم بنیں گے ۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے لاہور میں سینیئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسی صورت میں وزیر اعظم کا عہدہ قبول کریں گے جب مکمل اختیارات دیئے جائیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ ذمہ داری کسی کو دی جائے اور اختیارات کسی اور کے پاس ہوں ۔
انھوں نے ایک بار پھر موجودہ اتحادی حکومت پر اس الزام کا اعادہ کیا کہ وہ اپنے فائدے کے لئے آرمی ایکٹ میں ترمیم کررہی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ آرمی ایکٹ میں اتحادی حکومت کی مجوزہ ترمیم کو عدالت میں چلینج کیا جائے گا ۔ انھوں نے کہا کہ مسلح افواج کے سربراہ کی تعیناتی اسی طرز پر ہونی چاہئے جس طرح سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی تقرری ہوتی ہے۔
دوسری طرف صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تقرری کے لئے وزیر اعظم شہباز شریف کی ایڈوائس آئی تو اس پرعمل کریں گے ۔انھوں نے کہا کہ ان کے پاس وزیراعظم کی ایڈوائس کو مسترد کرنے کا قانونی اختیار نہیں ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ صدر عارف علوی کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے اور عمران خان کے قریبی پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تقرری کے تعلق سے صدر پاکستان کے ہر اقدام کو عمران خان کی حمایت حاصل ہوگی ۔