Nov ۲۲, ۲۰۲۲ ۱۰:۱۷ Asia/Tehran
  • آرمی چیف کی تعیناتی پر رانا ثناء اللہ نے خطرے کی گھنٹی بجا دی: شیخ رشید

آرمی چیف کی تعیناتی پر پاکستان کے سیاسی منظر نامے میں خوب اتھل پتھل اور بیان بازیوں کا بازار خاصا گرم نظر آ رہا ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا بیان بغیر سمری کے بھی نیا آرمی چیف تعینات کر دیں گے، خطرے کی گھنٹی ہے۔

پاکستان کے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے ٹویٹر پر بیان میں کہا کہ وزیر داخلہ کے بیان سے واضح ہے، سب اچھا نہیں کیونکہ سب ایک پیج پر نہیں ہیں۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ جب تک نئے آرمی چیف کی تعیناتی کا مسئلہ حل نہیں ہوتا سیاست میں ٹھہراؤ نہیں آئے گا، 30 نومبر تک آر یا پار کا فیصلہ ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تر پہنچ گیا ہے اور یہاں نفسانفسی کا عالم ہے لیکن 5 دن انتہائی اہم ہیں اور پی ڈی ایم بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے والی ہے، کیر ٹیکر کی مدت نہیں بڑھ سکتی۔

پاکستان کے سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ 26 نومبر 2 بجے راولپنڈی عمران خان کے لانگ مارچ کا تاریخی استقبال کرے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے ایک نجی ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے سمری آئے یا نہ آئے، ایک دو دن میں تعیناتی کا عمل مکمل ہو جائے گا۔

 

ٹیگس