کیا 17 سال بعد برطانوی کرکٹ ٹیم کا پاکستان دورہ ملتوی ہو جائے گا؟
پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے راولپنڈی ٹیسٹ کے متاثر نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر اور رمیز راجہ نے زمان پارک لاہور میں عمران خان سے ملاقات کی اور اُن کی عیادت کی۔ اس بیٹھک میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پی سی بی چیئرمین اور انگلینڈ کے ہائی کمشنر نے سابق وزیر اعظم کی عیادت اور خیریت دریافت کی۔
عمران خان کو بتایا گیا انگلش ٹیم 17سال بعد 27 نومبر کو اسلام آباد پہنچے گی اور راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ یکم دسمبر سے شیڈول ہے۔
عمران خان نے اپنے لانگ مارچ اور 26 نومبر کو احتجاج کے تناظر میں راولپنڈی ٹیسٹ کے متاثر نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
عمران خان نے چیئرمین پی سی بی اور برطانوی ہائی کمشنر کو ٹیسٹ سیریز دھرنے یا لانگ مارچ کی وجہ سے متاثر نہ ہونے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آپ تیاریاں جاری رکھیں ہماری تحریک کی وجہ سے پنڈی ٹیسٹ کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔
برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے تحریک انصاف کے چیئرمین پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اُن کی جلد صحت یابی کیلیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا آغاز یکم دسمبر سے راولپنڈی میں ہوگا جبکہ بقیہ دو میچز ملتان اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔