Nov ۲۵, ۲۰۲۲ ۲۱:۲۰ Asia/Tehran
  • پاکستان نے ترکیہ کے کردار کی تعریف کی

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین سے گندم برآمد کرنے کے معاہدے پر ترکیہ کے صدر کا کردار قابل ستائش ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پی این ایس جہاز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے بعد ترک صدر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات گہرے اور تاریخی ہیں،  آج ہمارے تاریخی تعلقات کا ایک عظیم دن ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ نے ہر مشکل وقت اور تمام عالمی فورمز پر ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو آج متعدد تنازعات کا سامنا ہے، اگر امن سے رہنا ہے تو جنگ کیلیے تیار رہنا ہوگا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان سستے اور قابل تجدید توانائی ذرائع کیلیے اقدامات کررہا ہے، پاکستان اور ترکیہ کو قابل تجدید توانائی کے حصول کیلیے مل کر کام کرنا ہوگا، دنیا بھر کی طرح پاکستان کو بھی توانائی کی قلت کا سامنا ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم نے پیشکش کی کہ رجب طیب اردوغان، آئیے ہمارا ساتھ دیں کہ ہم کاربن کے اخراج کو کم کریں،پاکستان اور ترکیہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی کیلیے ملکر کام کرسکتے ہیں۔

اس موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوغان نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے گہرے برادرانہ تعلقات ہیں، ہم نے سیلاب متاثرہ بھائیوں کی ہر ممکن مدد کی۔

اُن کا کہنا تھا کہ دو طرفہ دفاعی تعلقات باہمی تعلقات کا بنیادی ستون ہے، پاکستان اور ترکیہ دہشت گردی کے خاتمے کیلیے متحد ہیں، دہشت گردوں کی خلاف زیرو ٹالیرنس پالیسی پر گامزن ہیں۔

 

ٹیگس