شہباز شریف کی جانب سےترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت
پاکستان کے وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے دورہ ترکیہ میں ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی ہے۔
استنبول میں پاکستان ترکیہ بزنس کونسل میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بزنس کونسل میٹنگ سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو فروغ ملے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت دفاعی پیداوار اور مختلف شعبوں میں تعاون مضبوط کرنے میں پیشرفت ہوئی ہے۔
پاکستانی وزیراعظم نے ترک سرمایہ کاروں سے کہا کہ پاکستان میں شمسی توانائی کے منصوبے میں سرمایہ کاری کے لئے بے پناہ مواقع موجود ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم انقرہ اور اسلام آباد کے درمیان ہمہ جانبہ تعاون کو آسان بنانے پر کام کررہے ہیں ۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تجارتی حجم میں اضافہ کرنےکے لئے انقرہ کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا ہے اور آئندہ تین برسوں میں ترکیہ کے ساتھ تجارتی حجم کو پانچ ارب ڈالر تک بڑھائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے وزیراعظم شہبازشریف سرکاری دور ے پر ترکیہ پہنچے ہیں جہاں انہوں نے ترک صدر رجب طیب اردوغان سے بھی ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات میں اہم علاقائی و عالمی معاملات پر بات چیت ہوئی۔