Nov ۲۶, ۲۰۲۲ ۱۸:۳۴ Asia/Tehran
  •  عمران خان کا تمام اسمبلیوں سے نکلنے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک آج فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے اور فیصلہ عوام کو کرنا ہے

عمران خان نے راولپنڈی کے جلسے کے شرکا سے خطاب میں تمام اسمبلیوں سے نکلنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس کرپٹ نظام کا حصہ مزید نہیں بننا چاہتے اس لئے میٹنگ کر کے تمام اسمبلیوں سے نکل کر انھیں تحلیل کر دیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ دوستوں اور ڈاکٹروں کے منع کرنے کے بعد بھی میں آج آپ کے درمیان ہوں انہوں نے کہا کہ مجھ سے کہا گیا کہ آپ کی جان کو خطرہ ہے لیکن میں نے ان باتوں کی کوئی پرواہ نہیں کی ۔ عمران خان نے جذباتی انداز میں کہا کہ جب مجھ پر حملہ کیا گیا تو میں نے موت کو بہت سے قریب دیکھا ۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ جو قومیں ڈرتی ہیں وہ غلام اور ذلیل ہوجاتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں اس جلسے میں اس لئے آیا ہوں تاکہ آپ کو بتا سکوں کہ آج آپ تاریخ کے اہم موڑ پر کھڑے ہیں ۔ انہوں نے ایک بار پھر موجودہ حکمرانوں پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ذلیل کرنے کی کوشش کی، لیکن میں آج عوام کے اتنے بڑے سمندر سے مخاطب ہوں ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں وسا‏ئل کی کمی نہیں بلکہ قانون کی حکمرانی کا فقدان ہے اور مارشل لا نافذ کرنے والوں نے خود کو قانون سے بالاتر سمجھا اور دو سیاسی پارٹیوں نے بھی قانون کی دھجیاں اڑائیں۔ 
قبل ازیں پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کپتان گولیاں کھا کر بھی ڈٹ کر کھڑا ہے، پی ٹی آئی کے سبھی سینیئر رہنماؤں نے اپنی تقریروں میں کہا کہ سب کان کھول کر سن لیں پاکستانی قوم سرجھکانے والی نہیں ہے اور ہمارا کپتان گولیاں کھا کر بھی ڈٹ کر کھڑا ہے ۔

ٹیگس