Nov ۳۰, ۲۰۲۲ ۰۸:۴۵ Asia/Tehran
  • طالبان پاکستان کی دھمکی کے بعد کوئٹہ میں دھماکہ، 2 جاں بحق 24 زخمی

کوئٹہ کے علاقے بلیلی کے قریب بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک میں دھماکہ ہوا ہے جس کے بعد اس میں آگ لگ گئی۔

سحر نیوز/پاکستان: پولیس کے مطابق دھماکہ بلیلی کسٹم کے علاقے میں پولیس ٹرک کے قریب ہوا، دھماکے سے دو گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے. اس واقعے میں 20 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے باعث قریب سے گزرنے والی گاڑی بھی زد میں آگئی  اور اس میں سوار ایک خاتون بھی زخمی  ہوئی۔

دھماکے میں دو افراد جاں بحق ہوئے جن میں سے ایک پولیس اہلکار اور ایک خاتون ہیں۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جب کہ علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے، بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے دھماکے کے مقام کی سرچنگ کا عمل جاری ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق پولیس اہل کار پولیو مہم کی ڈیوٹی کیلئے جا رہے تھے کہ دھماکہ ہوا، دھماکے میں پولیس کے ٹرک کو شدید نقصان پہنچا۔

بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک خودکش حملہ آور نے خود کو ٹرک کے قریب دھماکے سے اڑایا ہے۔

یہ دھماکہ گزشتہ روز طالبان پاکستان کی جانب سے پاکستان کے ساتھ جنگ بندی کے خاتمے اور کارروائیاں شروع کرنے کے اعلان کے صرف چند گھنٹوں بعد ہوا ہے۔

یاد رہے کہ  صوبۂ بلوچستان خاص طور سے کوئٹہ کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان ٹی ٹی پی کا اہم گڑھ سمجھا جاتا ہے۔

ٹیگس