Dec ۰۶, ۲۰۲۲ ۱۰:۴۲ Asia/Tehran
  • پاکستان: کالعدم ٹی ٹی پی کے3 دہشت گرد ہلاک

ڈیرہ اسماعیل خان میں فورسز کی کارروائی کے دوران 3 مبینہ دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

سحر نیوز/پاکستان: سکیورٹی ذرائع کے دعوے کے مطابق پولیس، سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درابن میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔ یہ کارروائی علاقہ گرہ مستان میں کی گئی جہاں دہشتگردوں نے خفیہ ٹھکانوں سے فورسز پر حملہ کیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے بتایا گیا ہے جب کہ دہشت گردوں کی شناخت منیب، جنید الرحمان اور شوکت کے نام سے ہوئی ہے۔

حکومت پاکستان اور کالعدم ٹی ٹی پی کے مابین جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سے دونوں جانب سے ایک دوسرے کے خلاف کارروائی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔

اس سے قبل گزشتہ روز شمالی وزیرستان کے علاقے جھلر الگاد میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

اس حوالے سے آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ ہلاک شدہ دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے اور ہلاک شدہ عناصر مبینہ طور پر سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں سرگرم رہے ہیں ۔

دہشت گردوں کی فائرنگ سے 25 سالہ سپاہی ناصر خان بھی جاں بحق ہوا تھا۔

ٹیگس