عمران خان نے مہنگائی کا پھر سے مسئلہ اٹھایا
پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ملک تباہ ہو رہا ہے، مہنگائی کہاں سے کہاں پہنچ گئی اور لوگ میری گھڑی کے پیچھے پڑے ہیں۔
سحر نیوز/ پاکستان: لاہور میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اگر ملک ڈیفالٹ کرگیا تو ان لوگوں کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ انہوں نے میڈیا کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا لوگوں کے معاشی قتل عام پر خاموش کیوں ہے؟
نئے آرمی چیف کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ نیا آرمی چیف آیا ہے اسے وقت دینا چاہیے، ہم تو ان سے بہت امید لگائے بیٹھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں مہنگائی کا سب سے زیادہ شور مچایا ہوا تھا لیکن اب پاکستان میں 50 سال میں سب سے زیادہ مہنگائی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ اگر مجھے نااہل قرار دیا گیا تو الیکشن کمیشن کی مزید کوئی عزت نہیں رہے گی۔ اپنے اعلان کے مطابق دسمبر میں ہی اسمبلیاں تحلیل کریں گے، جب ہماری تیاری ہوگی تو اسمبلیاں تحلیل کریں گے، سب کو پتا ہے کہ انہیں ملک کے طاقتور نے این آر او ٹو دیا۔