Dec ۱۵, ۲۰۲۲ ۱۳:۰۲ Asia/Tehran
  • پاکستان؛ حکومت اور اپوزیشن کے بیچ صلح کرانے کی صدر کی ایک اور کوشش ناکام

پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق حکمراں جماعتی اتحاد پی ڈی ایم اور حزب اختلاف کے درمیان اختلافات کو ختم کرانے کی صدر عارف علوی کی ایک اور کوشش ناکام ہوگئی ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی صدر سے ملاقات کے پی ڈی ایم وفد میں شامل وزیر قانون اعظم تارڑ نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ اگر عمران خان صوبۂ پنجاب اور کے پی کے میں صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرتے ہیں تو پی ڈی ایم ان صوبوں میں انتخابات کرانے کے لئے تیار ہے۔

پاکستانی صدر عارف علوی اور پی ڈے ایم وفد، جس میں ایاز صادق اور اعظم تارڑ شامل تھے، کی ملاقات ہوئی۔ اطلاعات کے مطابق ملاقات کے بعد پاکستانی صدر لاہور روانہ ہوگئے جہاں پر وہ اپنی جماعت کے سربراہ عمران خان سے ملاقات کریں گے۔ پاکستانی میڈیا رپورٹوں میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ یا تو حکومتی اتحاد کو کوئی پیغام لے کر عمران خان تک پہنچائیں گے یا پھر وہ عمران خان کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کا مشورہ دیں گے۔

اُدھر پاکستانی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے ایک ٹی وی شو میں بات کرتے ہوئے حکومتی نمائندوں اور صدر کی تمام ملاقاتیں کو بے نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے پاکستانی صدر پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنی مرضی سے کوئی بھی فیصلہ نہیں کر سکتے اور تمام تر اختیارات عمران خان کے پاس ہیں۔

رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ اگر ہماری حکومت مستعفی ہوئی اور نگران حکومت آئی تو ملک تین ماہ کے اندر دیوالیہ ہوجائے گا۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق اگر صوبۂ پنجاب اور کے پی کے کی اسمبلیاں ٹوٹنے کے بعد ان صوبوں میں انتخابات ہوتے ہیں تو عمران خان کے جیتنے کے امکانات زیادہ ہیں اور اس کے بعد وہ 2023ء میں ہونے والے جنرل الیکشن میں اچھی پوزیشن میں ہوں گے۔

پاکستان میں سیاسی ابتری ایک طرف اپنے عروج کی طرف جا رہی ہے تو دوسری طرف ملکی اقتصاد کو شدید خطرات کا سامنا لاحق ہے۔

 

ٹیگس