سابق آرمی چیف اور موجودہ حکام پر عمران خان کا الزام+ ویڈیو
پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان نے سابق آرمی چیف جنرل باجوہ پر اپنی حکومت گرانے اور اتحادیوں کو این آر ٹو دینے کا الزام لگایا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: عمران خان نے جمعرات کو ویڈیو لنک کے ذریعے صوبہ پنجاب کے مختلف کالجوں کے طلبا سے خطاب کیا۔
عمران خان نے اپنے خطاب میں اتحادی حکومت پر ملک کو دیوالیہ کردینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں نے بقول ان کے ملک پر حکومت کی، ملک کو لوٹا اور قرضہ بڑھایا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں اصل ظلم بقول ان کے سابق آرمی چیف جنرل باجوہ نے کیا۔
عمران خان نے کہا کہ جنرل باجوہ نے ان لوں کو این آر ٹو دیا، اوپر اٹھایا، اس حکومت کو گرایا جس پر کرپشن کا کوئی کیس نہیں تھا اور پھر ان لوگوں کو تخت حکومت پر بٹھایا جس میں بیرونی ہاتھ بھی تھا۔
انھوں نے کہا کہ بدعنوانی کے مقدمات سے ڈر کے بھاگنے والے سب لوگ جنرل باجوہ کے دیئے گئے این آر ٹو کی گنگا میں نہا کر صاف ہورہے ہیں۔
یاد رہے کہ عمران خان نے یہ باتیں ایسی حالت میں کہی ہیں جب انہیں توشہ خانہ کیس اور انتخابات کے ڈکلیئریشن فارم میں بہت سی حقیقتیں چھپانے سمیت مختلف مقدمات کا سامنا ہے۔
توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد کی ایک عدالت نے انہیں طلب کرلیا ہے اور اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج نے الیکشن کمیشن کی درخواست پر ان کے خلاف فوجداری مقدمے کی منظوری دے دی ہے۔