Dec ۱۶, ۲۰۲۲ ۱۵:۵۷ Asia/Tehran
  • عمران خان کی پالیسیوں نے ملکی معیشت کو تباہ کردیا: شہبازشریف

پاکستان کے وزیراعظم میاں شہباز شریف نے پچھلی حکومت کی پالیسیوں کو ملک کی تباہ کن معاشی صورت حال کی اصل وجہ قرار دیا ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: اپنی پارٹی کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان کی پالیسیاں ملک کو سری لنکا کی سی صورت حال کی طرف لے جارہی تھیں۔
انہوں نے دعوی کیا کہ اتحادی حکومت نے تباہ حال معیشت کو آ کر سنبھالا ہے اور عوام کو مزید ریلیف دینے کے اقدامات کررہی ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم نے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنےکی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سیاسی اجتماعات میں حکومتی معاشی اقدامات اور ریلیف کو اجاگر کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کے دیوالیہ ہونے سے متعلق مخالفین کے پروپیگنڈے کی بھرپور طریقے سے نفی کی جائے۔ 
ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان کے مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر کم ہو کر صرف چھے اعشاریہ سات ارب ڈالر رہ گئے ہیں۔
تجزیہ کاروں نے کہا تھا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی پاکستان کے لیے غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی مزید مشکل بنا سکتی ہے۔ 

ٹیگس