عمران خان کا بطور وزیراعظم بے بس ہونے کا ایک اور اعتراف
پاکستان کے سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے ایک بار پھر بطور وزیراعظم بے بس ہونے کا اعتراف کرلیا
سحرنیوز/پاکستان: ویڈیولنک کے ذریعے وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے سابق آرمی چیف پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ نیب کیسز کا فیصلہ جنرل ریٹائرڈ باجوہ کرتے تھے اور میں بے بس تھا عمران خان نے کہا کہ نیب والے کہتے تھے کہ ان کے کیسز مکمل ہیں لیکن پیچھے سے اجازت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون کی نہیں بلکہ طاقت کی حکمرانی ہے اور بقول ان کے اس وقت ملک کے بڑے بڑے کریمنل باہر بیٹھ کر فیصلے کررہے ہیں۔
عمران خان نے سابق آرمی چیف پر کھل کر حملہ کرتے ہوئے کہا جنرل باجوہ ہی فیصلہ کرتے تھے کہ نیب کسے کتنا دبائے اور کسے کب چھوڑے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنرل باجوہ نے ان سب کو این آر او ٹو دیا اور مجھ سے بھی این آر او دینے کو کہا گیا عمران خان نے کہا کہ قانون کی حکمرانی نہ ہونے کی وجہ سے ہی ملک دلدل میں دھنستا جارہا ہے۔