صوبہ پنجاب میں تحریک عدم اعتماد لانے کا مسلم لیگ نون کا فیصلہ
پاکستان مسلم لیگ نون نے صوبہ پنجاب میں وزیراعلی چودھری پرویز الہی اور اسپیکر سبطین خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے صوبہ پنجاب میں وزیراعلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے تعلق سے، نوازشریف سے بھی اہم مشاورت کی ہے۔
خبروں میں کہا گیا ہے کہ نون لیگ نے تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کے لئے، اسمبلی سکریٹریٹ سے رابطوں کی کوششیں شروع کردی ہیں۔
اس سے پہلے نون لیگ کے سو سے زائد ارکان پنجاب اسمبلی نے ایک مقام پر اکٹھے ہوکر تحریک عدم اعتماد پر دستخط کئے۔
اگرچہ سنیچر اور اتوار کو اسمبلی سکریٹریٹ بند رہتا ہے لیکن اس کے باوجود نون لیگ کی کوشش ہے کہ تحریک عدم اعتماد جلد سے جلد جمع کرادی جائے۔
چند روزقبل گورنر پنجاب نے کہا تھا کہ میرے پاس اس بات کا اختیار ہے کہ وہ وزیراعلی سے کہیں کہ وہ ایوان میں اعتماد کا ووٹ دوبارہ حاصل کریں۔