Dec ۲۱, ۲۰۲۲ ۱۰:۵۳ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

درجنوں مسلح دہشت گردوں نے پاکستان کے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں ایک پولیس اسٹیشن پر دھاوا بول دیا اور پولیس اسٹیشن سے ہتھیار لوٹ کر رات کی تاریکی میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں مسلح دہشت گردوں نے ایک پولیس اسٹیشن پر رات گئے حملہ کر دیا، بھاری ہتھیاروں سے مسلح دہشت گردوں نے پولیس اسٹیشن پر راکٹ فائر کئے اور شدید فائرنگ کی۔

رپورٹ کے مطابق پولیس اسٹیشن کے اندر موجود ایک اہلکار نے بتایا کہ تقریبا 50 دہشت گرد پولیس اسٹیشن کے مرکزی دروازے کو دھماکےسے اڑانے کے بعد اندر گھس آئے، تھانے کے اندر اس وقت 20 پولیس کے سپاہی موجود تھے جنہوں نے دہشت گردوں کے سامنے ہتھیار ڈال دئیے اور دہشت گرد اسلحہ خانہ سے پولیس کی ایک گاڑی میں اسلحہ ڈال کر رات کی تاریکی میں فرار ہوگئے، مقامی پولیس کے مطابق دہشت گرد 8 کلاشنکوف اٹھا کر لے گئے۔

رپورٹ کے مطابق اس حملے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا جسے علاج کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ کے پی کے میں پولیس اسٹیشن مسلسل دہشت گردوں کے حملوں کی زد میں ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتے میں پولیس اسٹیشن پر ہونے والا یہ تیسرا بڑا حملہ ہے۔

بنوں میں دو روز قبل دہشت گردوں نے ایک سی ٹی ڈی اسٹیشن پر حملہ کرکے پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا تھا جنہیں آزاد کرنے کےلئے فوج کو پولیس کے ساتھ مل کر خصوصی آپریشن انجام دینا پڑا ہے۔

دہشت گرد اپنے ساتھیوں کی رہائی کے بدلے افغانستان کی طرف محفوظ راستہ مہیا کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

ٹیگس