Dec ۲۲, ۲۰۲۲ ۰۹:۳۶ Asia/Tehran
  • کالعدم تحریک طالبان پاکستان ہماری ریڈ لائن: بلاول بھٹو

بلاول بھٹو زرداری نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے ریڈ لائن عبور کی تو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کےوزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے واشنگٹن میں اٹلانٹک کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہاں تک ٹی ٹی پی کا تعلق ہے تو یہ ہماری ریڈ لائن ہے، یہ ایسی چیز ہے جسے ہم برداشت نہیں کریں گے، ہم اپنے لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہر آپشن پر غور کرنے کے لیے تیار ہیں۔

دوسری جانب اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر منیر اکرم نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو آگاہ کیا کہ خطے میں استحکام کے لیے طالبان کے ساتھ بات چیت بہترین آپشن ہے۔

افغانستان کی صورت حال پر اقوام متحدہ میں ہونے والی بحث میں حصہ لیتے ہوئے منیر اکرم نے کہا کہ ماضی میں جبر یا تنہا کرنے کی پالیسی کامیاب ثابت نہیں ہوئی، اس سے اب اور مستقبل میں بھی مثبت نتائج برآمد نہیں ہوں گے، ہمیں عالمی برادری کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے افغان حکومت کے ساتھ ایک مربوط اور عملی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ بنوں کے سی ٹی ڈی کمپلیکس میں زیر تفتیش 35 دہشت گردوں نے سرکاری اہلکاروں سے اسلحہ چھین کر انہیں یرغمال بنا لیا تھا تاہم سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا اور 25 دہشت گردوں کو ہلاک اور 3 کو گرفتار کر لیا جبکہ باقی سات نے ہتھیار ڈال دئیے۔ آپریشن کے دوران 3 فوجی اہلکار جاں بحق اور چند دیگر زخمی ہوئے تاہم تمام یرغمالی اہلکاروں کو رہا کرا لیا گیا۔

ٹیگس