پاکستان میں بیرون ملک سے آنے والوں کی اسکریننگ اور کورونا ٹیسٹ
پاکستان میں بیرون ملک سے آنے والے سبھی مسافروں کی اسکریننگ اور کورونا ٹیسٹ لازمی کردیا گیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق وفاقی حکومت نے ملک کے سبھی ہوائی اڈوں پر بیرون ملک سے آنے والے تمام مسافروں کی اسکریننگ اور کورونا ٹیسٹ کے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔
وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے سبھی مسافروں کا کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا اور نتیجہ مثبت آنے پر مسافر کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے ریپڈ کورونا ٹیسٹ اور متاثرہ افراد کے قرنطینہ کی ذمہ داری بارڈر ہیلتھ سروس کے سپرد کی گئی ہے۔
وفاقی حکومت کے احکامات میں سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں سے کہا گیا ہے کہ اس مہم میں بارڈر ہیلتھ سروس کے ساتھ تعاون کریں۔
پاکستان میں بیرون ملک سے آنے والے سبھی مسافروں کی اسکریننگ اور کورونا ٹیسٹ کا فیصلہ چین، بنگلہ دیش، جاپان ، امریکہ، آسٹریلیا ، ڈنمارک اور بعض دیگر ملکوں میں کورونا کے نئے ویریئنٹ نائٹ میئر اور بی ایف سیون کے تیزی سے پھیلنے کی رپورٹوں کے بعد کیا گیا ہے۔