پاکستان کو للکارنے والوں کو پوری قوت سے جواب دینے کا فیصلہ
پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ملک کو درپیش اہم مسائل کا جائزہ لیا گیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: اسلام آباد سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں اعلی سول اور عسکری عہدیداروں نے شرکت کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی صدارت میں قومی سلامتی کمیٹی کے اعلی سطحی اجلاس میں ملک کو درپیش سیکورٹی اور اقتصادی چیلنجوں کا جائزہ لیا گیا۔ رپورٹوں کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزرا آرمی چیف اور انٹیلیجنس اداروں کے سربراہوں نیز دیگر اعلی رتبہ عہدیداروں نے شرکت کی ۔اجلاس میں انٹیلیجنس اور سیکورٹی اداروں کے سربراہوں نے دہشت گردی کی حالیہ لہر کے عوامل اور اس کے مقابلے میں انجام دیئے جانے والے اقدامات کی رپورٹ پیش کی ۔اجلاس میں کہا گیا کہ دہشت گرد پاکستان کے دشمن ہیں اور ان کے مقابلے میں پوری قوم ایک بیانیئے پر متحد ہے۔
اجلاس میں پاکستان کی معاشی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا اور معیشت کو لاحق خطرات سے نمٹنے کے لئے ضروری اقدامات پر زور دیا گیا ۔اجلاس میں پاک افغان سرحدوں پر کشیدگی پر وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے بریفنگ دی اور افغانستان کی عبوری حکومت کے ساتھ رابطوں سے آگاہ کیا۔ اجلاس کے اختتام پر کہا گیا کہ ملک کی سلامتی ، بقا اور ترقی کو لاحق خطرات کا بہادی اور ثابت قدمی سے سد باب کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ جمعرات کو پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی جس میں ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور سیکورٹی سے متعلق دیگر مسائل پر گفتگو ہوئی ۔ اس ملاقات میں ملک کو در پیش سلامتی کے مسائل پر قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا فیصلہ کیا گیا تھا۔