Dec ۳۰, ۲۰۲۲ ۱۶:۰۹ Asia/Tehran
  • پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ کم روشنی کے سبب ڈرا ہوگیا۔

سحر نیوز/ پاکستان: نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بناکر ڈکلئیر کردی تھی، جبکہ کیویزکو 15 اوورز میں کو 138 رنز کا ہدف دیا تھا۔

ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم ہدف سے دور رہے اور محض 85 رنز بنا سکی جبکہ خراب موسم کی وجہ سے میچ روک دیا گیا۔

پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف  پہلی اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 612 رنز بناکر ڈکلئیر کردی تھی۔

پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 5، نعمان علی نے 3 جبکہ محمد وسیم جونیئر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 438 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

ٹیگس