وزیر اعلیٰ پنجاب کی مشکلات میں اضافہ، ایم ڈبلیو ایم کا اعتماد کا ووٹ نہ دینے کا فیصلہ
پاکستان کے صوبۂ پنجاب کی سیاسی صورتحال دن بدن انتہائی گھمبیر ہوتی جا رہی ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے اتحادی بھی ان سے علیحدہ ہو رہے ہیں۔
سحر نیوز/پاکستان: مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے ترجمان مظاہر شگری کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے اعتماد کے ووٹ کے معاملے پر ایم ڈبلیو ایم پولیٹیکل کونسل نے مشاورت کے بعد اہم فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ایم ڈبلیوایم نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے بعض اقدامات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور ایم ڈبلیو ایم کی رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ کو اعتماد کا ووٹ نہیں دیں گی۔
ایم ڈبلیو ایم کی رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہراء نقوی کے مطابق پرویز الہیٰ کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ پولیٹیکل کونسل کی مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے بعض اقدامات پر شدید تحفظات ہیں، ان اقدامات کے حوالے سے ایم ڈبلیو ایم کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت کے فیصلے پر ایم ڈبلیو ایم غیر جانبدار رہے گی۔