ایم کیو ایم کے سبھی دھڑے متحد، کراچی کی سیاست میں ہلچل
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کی سیاست میں ایک بڑی ہلچل اس وقت پیدا ہوگئی جب متحدہ قومی موومنٹ کے تمام دھڑے ایک ہوگئے ۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق تقسیم درتقسیم کے بعد متحدہ قومی موومنٹ ایم کیوایم کے سبھی دھڑے جمعرات کو ایک ہوگئے - مصطفی کمال کی پاک سرزمین پارٹی ایم کیوایم میں ضم ہوگئی اور بحالی کمیٹی فاروق ستار نے بھی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایم کیوایم میں شمولیت کا اعلان کردیا ۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ مشترکہ کاوشیں رنگ لائیں ہم مصطفی کمال، فاروق ستار اور ان کے ساتھیوں کا خیرمقدم کرتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ قوم میں مایوسی پیدا کرنے والوں کو آج مایوسی ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مخالف نعرے اور نعرے لگانے والے دونوں کے مخالف ہیں ۔
ایم کیو ایم کے کنوینر نے کہا کہ دوہزار اٹھارہ کے الیکشن میں کراچی سے ایم کیوایم کو ہرایا گیا لیکن جو جیتے وہ حیران تھے اور جنھوں نے جتوایا وہ پریشان ہوگئے۔ پریس کانفرنس سے مصطفی کمال اور فاروق ستار نے بھی خطاب کیا۔