Jan ۱۷, ۲۰۲۳ ۱۱:۲۵ Asia/Tehran
  • الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 271 اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل کردی

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 271 اراکین اسمبلی کی رکنیت اثاثوں کے گوشوارے بروقت جمع نہ کرانے پر معطل کردی ہے۔ ان میں 136 قومی اسمبلی، 21 سینٹرز اور 114 صوبائی اسمبلیوں کے اراکین شامل ہیں۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 271 اراکین اسمبلی کی رکنیت اثاثوں کے گوشوارے بروقت جمع نہ کرانے پر معطل کردی ہے۔
اس سال گوشوارے جمع نہ کرانے والے اراکین اسمبلی کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں کافی زیادہ ہے اور اس کی وجہ تحریک انصاف کے اراکین کے قومی اسمبلی سے استعفی بتائی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جن اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل کی گئی ہے ان میں حکومتی جماعت پاکستان مسلم لیگ کے سینئر رہنما اور کیبنٹ ممبر احسن اقبال اور خواجہ آصف بھی شامل ہیں۔ ان کے علاوہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چئیرمین نورعالم خان کے نام بھی گوشوارہ جمع نہ کرانے کی وجہ سے رکنیت معطلی والے اراکین کی فہرست میں شامل ہیں۔

ان کے علاوہ دوسرے وفاقی وزراء ساجد طوری، مفتی عبدالشکور، چوہدری طارق بشیر چیمہ اور محمد اسرار ترین کی رکنیت بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان نے معطل کر دی ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا نام بھی اس فہرست میں موجود ہے۔ ان حکومتی اعلی رہنماؤں کے علاوہ تحریک انصاف اور دوسری جماعتوں کے اراکین اسمبلی کے نام بھی معطل ہونے والے اراکین اسمبلی کی فہرست میں شامل ہیں۔

ٹیگس