Jan ۲۰, ۲۰۲۳ ۰۹:۰۹ Asia/Tehran
  • پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے بعد نواز شریف کا ردعمل سامنے آگیا

پاکستان کی سیاسی جماعت مسلم لیگ (ن) کے لندن نشیں قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتیں اپنی ذاتی مفاد کے لیے پاکستان کے ساتھ مذاق کر رہی ہیں۔ اُن کا یہ بیان وزیراعلیٰ پنجاب کی صوبائی اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ لینے میں کامیابی اور اسمبلی کے تحلیل ہونے کے بعد پہلے رد عمل کے طور پر سامنے آیا ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: پاکستانی ذرائع کے مطابق لندن میں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ہم نے اجلاس میں پاکستان کی معاشی و سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پاکستان کو مشکل حالات سے جلد نکالا جائے گا اور ہم ملک کو ان حالات سے نکالیں گے۔

سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور آئی ایس آئی کے سابق لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو ملکی صورتحال کا ذمہ دار ٹھہرانے کے سوال پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ حقیقت سب کے سامنے ہے، اب کوئی نام اور چہرہ چھپا ہوا نہیں ہے، پاکستان کو ذاتی مفاد کی خاطر استعمال کیا گیا، قوم کے ساتھ انتہائی گھناؤنا مذاق کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’گوجرانوالہ جلسے کے دوران میں نے سب سے سامنے کہا تھا کہ ملکی صورتحال کا کون ذمہ دارہے، قوم کو بتانا میری ذمہ داری ہے کہ لوگوں کے خلاف کون غلط کام کررہا ہے اور یہ میری ذمہ داری ہے کہ چیزوں کو ٹھیک کروں۔

خیال رہے کہ پاکستان کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف کا یہ بیان ایسے عالم میں سامنے آیا ہے کہ وہ خود ملکی عدالتوں کو بعض الزامات کے تحت مطلوب ہیں۔ نواز شریف سابق دور حکومت میں علاج معالجے کو وجہ بتا کر ملک سے نکل گئے تھے اور تب سے تاحال وہ برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں مقیم ہیں اور ملک واپسی کے لئے حالات سازگار ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔

ٹیگس