Jan ۲۷, ۲۰۲۳ ۰۸:۴۴ Asia/Tehran
  • انتخابات کو لے کر حکمراں اتحادی جماعت اور صدر پاکستان کی رائے میں اختلاف

اتحادی جماعتوں کی اعلیٰ قیادت نےانتخابات میں تاخیر پر تبادلہ خیال کیا جبکہ صدر پاکستان کا کہنا ہے کہ بروقت انتخابات کے انعقاد کو ضروری بنایا جائے۔

سحر نیوز/پاکستان: پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کی تین بڑی سیاسی اتحادی جماعتوں کی اعلیٰ قیادت کی وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات ہوئی جس میں وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما آصف زرداری اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کے علاوہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں میں انتخابات اور قومی اسمبلی کی خالی ہونے والی نشستوں پر آئندہ ضمنی انتخابات سمیت عام انتخابات سے متعلق حکمت عملی پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے تجویز دی گئی کہ پارٹی کے لیے صوبوں بالخصوص پنجاب میں الیکشن کرانے کا یہ وقت مناسب نہیں ہے، جہاں جماعت کے اندرونی اختلافات کے ساتھ ساتھ ملکی معاشی اور توانائی کے بحران کے درمیان سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کو نواز شریف عدم موجودگی میں انتخابات کے نتائج کے حوالے سے خدشات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ ایک جانب جہاں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اس وقت سیاسی منظرنامے کی زینت بنی ہوئی ہے وہیں انتخابات کرانے کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) نے حتمی بیان طے کرنا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں انتخابات میں تاخیر سے متعلق بھی تبادلۂ خیال کیا ہے، تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ حتمی فیصلہ آئندہ ہونے والے متعدد اجلاسوں کے بعد سامنے آئے گا۔

دوسری جانب صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں بروقت انتخابات کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے کہ تمام ادارے عوام اور سیاسی جماعتیں انتخابات کا بروقت انعقاد یقینی بنائیں گی کیونکہ یہ آئینی ضرورت ہے۔

ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق گورنر ہاؤس لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ایسی کوئی وجہ نہیں جسے انتخابات کے التوا کا جواز بنایا جا سکے کیونکہ یہ ایک آئینی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ قبل ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا تھا کہ 9 سے 13 اپریل کے درمیان پنجاب میں اور 15 سے 17 اپریل کے درمیان خیبرپختونخوا میں انتخابات ہوں گے۔

ٹیگس