Feb ۰۳, ۲۰۲۳ ۰۸:۳۲ Asia/Tehran
  • پاکستانی وزیراعظم کی آل پارٹیز کانفرنس، کیا عمران خان شرکت کریں گے؟

پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے سات فروری کو آل پارٹیز کانفرنس طلب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سمیت تمام قومی سیاسی جماعتوں کی قیادت کو اس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شہباز شریف نےاہم قومی چیلنجز پر تمام قومی سیاسی قائدین کو ایک میز پر بٹھانے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سات فروری کو آل پارٹیز کانفرنس طلب کی ہے اور اس کے لیے سابق وزیراعظم عمران خان سمیت پوری سیاسی قیادت کو مدعو کیا گیا ہے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق یہ کل جماعتی کانفرنس اسلام آباد میں ہوگی۔ آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر اور سابق وزیردفاع پرویز خٹک سے رابطہ کیا اور وزیراعظم کی طرف سے عمران خان کو اے پی سی میں شرکت کے لیے دعوت کا پیغام پہنچایا۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے آج پشاور میں ہونے والی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں بھی پی ٹی آئی کے دو نمائندوں کو شرکت کی دعوت دے دی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ایاز صادق نے وزیراعظم کا پیغام اسد قیصر اور پرویز خٹک کو پہنچا دیا اور پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو اپنی جماعت کے نامزد نمائندوں کے ناموں سے آگاہ کرنے کی درخواست کی ہے۔

ہر چند کہ عمران خان کو دعوت دی گئی ہے تاہم ماضی میں عمران خان نے پی ڈی ایم حکومت کے حوالے سے جو بیانات دیئے ہیں اس کے پیش نظر عمران خان کی شمولیت مشکل دکھائی دیتی ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایک جانب حکومت دعوت دے رہی ہے اور دوسری جانب ہمارے خلاف انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے۔

اجلاس میں 30 جنوری کو پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے پر غور ہوگا۔

خیال رہے کہ پشاور میں پولیس لائنز کی مسجد میں دہشت گردی کے واقعے میں 101 افراد جاں بحق اور 221 زخمی ہوئے تھے۔

اس وقت پاکستان کو معیشتی بدحالی اور بڑھتی دہشتگردی جیسی متعدد چیلنجوں کا سامنا ہے جنہیں مہار کرنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کا ایک پلیٹ فارم پر اجتماع ناگزیر دکھائی دے رہا ہے۔

ٹیگس