پارٹی عہدے سے استعفے کے بارے میں شاہد خاقان عباسی کی وضاحت
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پارٹی عہدے سے اپنے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے پارٹی کے ساتھ رہنے کا اعلان کیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے اس بات کی تصدیق کی کہ انہوں نے پارٹی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے تاہم کہا کہ میں پارٹی کے ساتھ ہوں، اور ہمیشہ اسی پارٹی کے ساتھ رہوں گا ۔ شاہد خاقان عباسی نے اپنے استعفے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز لیڈرشپ پوزیشن میں آئی ہیں، مریم نواز کو اسپیس چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب نئی جنریشن آتی ہے، پرانے لوگوں کو نئے کردار میں آنا پڑتا ہے۔
اس سے پہلے آمدہ خبروں میں کہا گیا تھا کہ شاہد خاقان عباسی نے مریم نواز کو پارٹی کا اعلی عہدہ دینے کے اگلے ہی دن اپنا استعفی پارٹی قیادت کو بھجوا دیا تھا تاہم اسے عام نہیں کیا تھا۔
بعض خبروں میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی مسلم لیگ ن کی ذمہ داریاں چھوڑ کر ری ایمیجننگ پاکستان کے نام سے، ایک فورم کی قیادت کریں گے۔