پاکستان، چیف الیکشن کمشنر کا انتخابات کی تاریخ دینے سے انکار
پاکستان کے چیف الیکشن کمشنر نے انتخابات کی تاریخ دینے سے انکار کردیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ جمعرات کو سپریم کورٹ میں حاضر ہوئے ۔
پاکستان سپریم کورٹ نے انہیں سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر ٹرانسفر کیس کی سماعت کے موقع پر حاضری کا حکم دیا تھا۔
سماعت کے دوران عدالت نےان سے انتخابات کی تاریخ کے بارے میں سوال کیا تو انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تاریخ دینےکا اختیار نہیں ہے ۔
انھوں نے کہا کہ آئین کے مطابق انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار صرف صدر مملکت اور گورنروں کو حاصل ہے۔
انھوں نے اسی کے ساتھ عدالت کو بتایا کہ حکومت الیکشن کے لئے پیسے نہیں دے رہی ہے، الیکشن کمیشن کے اختیارات روک دیئے گئے ہیں، ان حالات میں شفاف الیکشن کرانا ممکن نہیں ہے۔
سپریم کورٹ میں حاضری سے قبل پاکستان کے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ہنگامی اجلاس میں اس حوالے سے مشاورت کی اور قانونی ٹیم نے انہیں ضروری بریفنگ دی تھی ۔