ملک میں بد امنی کا ذمہ دار نیٹو ہے: پاکستانی وزیر
پاکستان کی وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے اپنے ملک کی حالیہ بدامنی کے لئے نیٹو کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔
سحر نیوز/پاکستان: شفقنا نیوز ایجنسی کے مطابق حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ بدامنی کے واقعات افغانستان سے نیٹو افواج کے غیر ذمہ دارانہ انخلا کا براہ راست نتیجہ ہیں۔
ڈویچہ ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کی وزیر مملکت برائے خارجہ امور کا کہنا تھا کہ نیٹو افواج نے افغانستان میں اپنی بیس سالہ جنگ کو ناتمام چھوڑ دیا اور بغیر کسی منصوبہ بندی کے وہاں سے چلتی بنیں جس سے خطے کی سکیورٹی کی صورتحال متاثر ہوئی ہے۔
دہشتگردی کو مہار کرنے کے حوالے سے افغانستان کے ساتھ پاکستان کے رابطوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو افغانستان کی سرحدوں کی جانب سے دہشتگردی کا سامنا ہے اور طالبان حکومت کے وعدے کے باوجود ان خطرات پر ابھی قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔
حنا ربانی کا کہنا تھا کہ دنیا افغانستان سے نیٹو کے غیر ذمہ دارانہ انخلا کے نتیجے میں پیدا ہونے والے خطرات کا صرف نظارہ کر رہی ہے اور ہم اُنہیں قابو میں کرنے پر قادر نہیں ہیں۔
خیال رہے کہ ان دنوں پاکستان کے مختلف علاقوں میں بدامنی اور دہشتگردی کے واقعات تواتر کے ساتھ پیش آ رہے ہیں جن میں اکثر و بیشتر کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو ذمہ دار قرار دیا جاتا ہے۔