پنجاب اور کے پی کے میں انتخابات میں تاخیر پر از خود نوٹس کی سماعت
پاکستان کے صوبوں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات میں تاخیر کے معاملے پر سپریم کورٹ میں از خود نوٹس کی سماعت ہوئی۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا کے صوبائی انتخابات میں تاخیر کے معاملے پر ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران جسٹس مندو خیل اور جسٹس اطہر من اللہ نے، بینچ کی تشکیل پر ہی سوال اٹھا دیئے۔
جسٹس مندوخیل نے کہا کہ یہ از خود نوٹس کیس نہیں بنتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سامنے اسپیکروں کی درخواستیں موجود ہیں ۔ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ بینچ کی تشکیل پر ہمارے تحفظات ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی اسمبلیوں کی جس طرح سے تحلیل ہوئی ہے اس کا بھی از خود نوٹس لیا جانا چاہئے۔
دوسری جانب چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ آئین کہتا ہے کہ نوے روز کے اندر انتخابات ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ بھی دیکھیں گے کہ کیا سیاسی جماعتوں کو بھی بلایا جائے۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ وقت تیزی سے گزر رہا ہے اور آئین، الیکشن سے متعلق ایک معین وقت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ میں یہ معاملہ چل رہا تھا لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا ہے- چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر دیا ہے اور کہا ہے کہ وقت کی کمی کی بنا پر سماعت کو طول نہیں دیا جا سکتا۔ از خودنوٹس کی سماعت نو رکنی لارجر بینچ کررہا ہے ۔