Feb ۲۶, ۲۰۲۳ ۱۰:۲۸ Asia/Tehran
  • بلوچستان; بارکھان میں دھماکہ، 16 افراد جاں بحق و زخمی

پاکستان کے صوبے بلوچستان کے وزیر اعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے دھماکے کی مذمت اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے رکھنی بازار میں آج صبح دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے، زخمیوں کو رکھنی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ لیویز کنٹرول روم بارکھان حبیب اللہ نے تصدیق کی ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی، جبکہ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ حکام کے مطابق دھماکا خیز مواد آئی ای ڈی کے ذریعے موٹرسائیکل پر نصب کیا گیا تھا جس پر 2 افراد سوار تھے۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے دھماکے کی مذمت اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی بلوچستان کے ضلع خضدار میں سینئرسپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) کے اسکواڈ کے قریب دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کی نئی لہر اٹھی ہے جس کی وجہ سے بالخصوص خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ملک بھر میں اکثر دہشت گردی کے حملوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان ملوث ہے، جس کا اعتراف بھی کیا جاتا رہا ہے۔

ٹیگس