Feb ۲۸, ۲۰۲۳ ۱۰:۵۸ Asia/Tehran
  • فوٹو: دی نیشن
    فوٹو: دی نیشن

وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبد القدوس بزنجو نے واقعے کو دہشت گردانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا۔

سحر نیوز/پاکستان: پاکستان کے صوبے بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں نامعلوم مسلح دہشتگردوں نے فائرنگ کر کے کوئلے کی کان میں کام کرنے والے 4 مزدوروں کو قتل اور دیگر 3 کو زخمی کردیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے صبح سویرے خوست میں ایک کان کے نزدیک مزدوروں کو خود کار ہتھیاروں سے نشانہ بنایا۔ اسسٹنٹ کمشنر مجید جوگیزئی نے بتایا کہ حملہ آور جائے وقوع سے فرار ہوتے ہوئے 11 کوئلے کی کانوں کو آگ بھی لگا گئے۔

واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے خوست پہنچے اور لاشوں اور زخمیوں کو ضلعی ہسپتال منتقل کیا۔

بلوچستان میں اس طرح کے متعدد واقعات ہوچکے ہیں، کان کنوں، سیکیورٹی فورسز حتیٰ کہ پنجاب کوئلہ لے جانے والے ٹرکوں پر بھی حملہ اس علاقے میں معمول کا عمل سمجھا جاتا ہے۔

صوبۂ بلوچستان کے وزیر اعلیٰ میرعبد القدوس بزنجو نے واقعے کو دہشت گردانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے حکومت کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کو توڑنے کے اعلان کے بعد پاکستان کے مختلف شہروں خاص طور سے بلوچستان اکور خیبر پختونخوا میں دہشتگنردی کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور ہونے والی دہشتگرانہ کارروائیوں کی اکثریت کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی ہے۔

ٹیگس