پاکستان کے وزیر اعظم کا دورۂ قطر, ایل ڈی سی اجلاس میں کریں گے شرکت
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف امیر قطر تمیم بن حمد آل ثانی کی دعوت پر آج دو روزہ دورے پر دوحہ پہنچ رہے ہیں۔
سحر نیوز/پاکستان: اطلاعات کے مطابق شہباز شریف قطر میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام کم ترقی یافتہ ممالک کی پانچویں کانفرنس (ایل ڈی سی فائیو) میں شرکت کریں گے۔ ساتھ ہی وہ اجلاس کی سائڈ لائن پر کانفرنس میں شریک رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ ملاقات اور گفتگو بھی کریں گے۔
اقوام متحدہ کی مذکورہ پانچ روزہ کانفرنس میں کم ترقی یافتہ ممالک میں پائیدار ترقی کو تیز کرنے کے اقدامات اور طریقہ کار پر غور کیا جائے گا۔اس کانفرنس کے اقدامات سے کم ترقی یافتہ ممالک کو خوشحالی کی راہ پر ترقی کرنے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے چھیالیس ممالک کو کم ترقی یافتہ ممالک (ایل ڈی سی) قرار دیا ہے جن میں دسیوں افریقی ممالک کے علاوہ افغانستان، یمن، میانمار اور نیپال جیسے ممالک بھی شامل ہیں۔