Mar ۲۳, ۲۰۲۳ ۱۸:۰۳ Asia/Tehran
  • الیکشن کمیشن کا فیصلہ عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب کے انتخابات ملتوی کرنےکے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس میں کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے نے آئین کی دھجیاں اڑا رکھ دی ہیں - پی ٹی آئی رہنماؤں اسدعمر اور فواد چودھری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کل سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ آئین اور قانونی نہیں ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں ای سی پی کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا کہ کل جمعہ کو ہی سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی جائے گی - انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب کا الیکشن تیس اپریل کو ہی کرایا جائے۔
اس سے پہلے پاکستان الیکشن کمیشن نے صوبہ پنجاب میں 30 اپریل کے بجائے 8 اکتوبر کو انتخابات کرانے کا اعلان کردیا تھا جس کا حکومت نے خیر مقدم کیا ہے۔
پاکستان الیکشن کمیشن نے ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا تھا کہ موجودہ حالات میں پر امن اور شفاف الیکشن کرانا ممکن نہیں ہے۔
پاکستان کے انتخابی کمیشن کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت انتظامیہ انتخابات کے انعقاد میں کمیشن کے ساتھ معاونت میں ناکام رہی ہے لہذا پنجاب میں تیس اپریل کے بجائےآٹھ اکتوبر کو انتخابات کرائے جائیں گے۔
پاکستان کی وفاقی وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب میں انتخابات ملتوی کرکے، بقول ان کے ملک کو بڑے آئینی بحران سے بچالیا ہے۔ 

ٹیگس