Mar ۲۴, ۲۰۲۳ ۱۷:۳۵ Asia/Tehran
  • الیکشن کے معاملے پر پاکستانی صدر کا وزیراعظم کے نام خط

پاکستان کے صدر نے وزیراعظم شہباز شریف پر زور دیا ہے کہ وہ مقررہ وقت پرانتخابات کے انقعاد کے لیے متعلقہ حکام کو الیکشن کمیشن کی معاونت کی ہدایات جاری کریں ۔

سحر نیوز/ پاکستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان کے صدر عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف کے نام ایک خط لکھا ہے جس میں انتخابات کے بارے میں آئین پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے اس سلسلے میں وزیراعظم کے رویئے کو تشویشناک قرار دیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ تشویشناک بات یہ ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے آرٹیکل چھیالیس اور رولز آف بزنس کے تحت صدر کے ساتھ کوئی بامعنی مشاورت نہیں کی گئی۔
صدر پاکستان نے وزیراعظم کے نام یہ خط ایسے موقع پر تحریر کیا ہے جب پاکستان کے الیکشن کمیشن نے ایک روز قبل ہی اعلان کیا تھا کہ تیس اپریل کو پنجاب میں ہونے والے صوبائی اسمبلی کے عام انتخابات آٹھ اکتوبر تک ملتوی کردیئے گئے ہیں۔
صدر پاکستان نے اپنے خط میں اس اقدام کو آئین کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میری رائے میں ایگزیکٹو اتھارٹیز اور سرکاری محکموں نے آئین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے دو صوبوں میں ضمنی انتخابات کے انعقاد کا معاملہ ان دنوں حکومت اور حزب اختلاف کی جماعتوں کے درمیان کشیدگی کا سبب بنا ہوا ہے۔

ٹیگس