Mar ۲۵, ۲۰۲۳ ۱۲:۲۴ Asia/Tehran
  • مینار پاکستان پر آج ہوگا عمران خان کا پاور شو

تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے اپنے حامیوں کو آج مینار پاکستان کے جلسے میں ایک آزاد قوم کے فرد کی حیثیت سے شرکت کی دعوت دی ہے جہاں وہ بقول ان کے اپنا حقیقی آزادی کا ویژن پیش کریں گے۔

سحرنیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ ان کی پارٹی مینار پاکستان میں آج اپنا چھٹا جلسہ منعقد کرکے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دے گی۔

عمران خان نے کہا کہ میرا دل کہہ رہا ہے کہ آج کا جلسہ سارے ریکارڈ توڑ دے گا اور میں لاہور میں ہر کسی کو نماز تراویح کے بعد جلسے میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں جس میں میں اپنا حقیقی آزادی کا ویژن دوں گا اور بتاؤں گا کہ ہم کیسے پاکستان کو اس گند سے نکالیں گے جس میں لٹیروں کے گروہ نے ملک کو ڈال دیا ہے۔

یاد رہے کہ عمران خان نے 19 مارچ کو مینار پاکستان میں جلسہ منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا جب کہ لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کو حکم دیا تھا کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات کے بعد جلسے کی تاریخ میں تبدیلی کریں۔

لاہور میں پی ٹی آئی سربراہ امتیاز محمود نے عدالت میں اپنا حلف نامہ جمع کرایا تھا جس میں ضلعی انتظامیہ کی شرائط کو قبول کرتے ہوئے مینار پاکستان ریلی 25 مارچ کو رات 10بجے سے رات 3 بجے تک منعقد کرنے کی بات کی گئی تھی جس کے بعد لاہور کے ڈی سی اور سی پی او نے پارٹی کو جلسہ منعقد کرنے کی اجازت دے دی تھی۔

مگر آج اس جلسے کے آغاز سے قبل ہی پولیس نے مختلف مقامات پر پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد پارٹی رہنماؤں اور دسیوں کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔ اطلاعات ہیں کہ پولیس نے جلسہ گاہ کی جانب جانے والے سبھی راستے کنٹینر لگا کر بند کر دئے ہیں۔

ٹیگس