پاکستان; کالعدم بلوچ گروہ کا سرغنہ انٹیلی جنس آپریشن میں گرفتار
پاکستان نے کالعدم دہشت گرد بلوچ گروہ کے ایک بہت اہم سرغنہ کو انٹیلی جنس آپریشن میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس کا نام گلزار عمران بتایا جا رہا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا رپورٹ کے مطابق کالعدم بلوچ دہشت گرد گروہ کے ایک بہت اہم سرغنہ اور بانی گلزار عمران کو انٹیلی جنس ایجنسی نے ایک آپریشن کے دوران گرفتار کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گرفتار ہونے والا دہشت گرد نہ صرف ایک بڑا دہشت گرد ہے بلکہ بی این اے کا بانی اور لیڈر بھی ہے جس نے بلوچ ریپبلک آرمی اور یونائیٹڈ بلوچ آرمی کو ملا کر بی این اے بنائی تھی۔ میڈیا اطلاعات کے مطابق بی این اے کالعدم جماعت نے ملک میں کئی دہشت گردانہ کاروائیاں انجام دی ہیں جن میں پنجگور اور نوشکی کے علاقوں میں فورسز کی حساس تنصیبات پر حملے بھی شامل ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گلزار عمران نے مبینہ طور پر افغانستان اور ہندوستان کے دورے بھی کئے ہیں جب کہ ملک دشمن غیر ملکی انٹیلی جنس اداروں سے بھی اس کے روابط ہیں جنہوں نے اسے قومی مفادات کے خلاف کام کرنے پر اکسایا ہے۔