Apr ۰۸, ۲۰۲۳ ۱۲:۳۱ Asia/Tehran
  • دہشت گردانہ حملے میں دو پولیس اہلکار جاں بحق، پولیس کے ساتھ جھڑپ میں تین مشتبہ افراد ہلاک

صوابی کے علاقے میں دہشت گردوں نے ایک پولیس وین پر ہینڈ گرینیڈ سے حملہ کیا ہے جس سے ایک سب انسپکٹر جاں بحق جب کہ دو دیگر اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں نے صوابی میں پولیس کی ایک گشت کرنے والی وین پر گرینیڈ سے حملہ کیا جس سے ایک سب انسپکٹر جاں بحق ہو گیا جب کہ اس کے ہمراہ دو دیگر افراد شدید طور پر زخمی ہو گئے ہیں جنہیں علاج کےلئے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق شمالی وزیرستان میں بھی دہشت گردوں نے ایک پولیس کانسٹیبل کو ٹارگٹ بناتے ہوئے قتل کر دیا۔ صوابی میں ہونے والا حملہ افطار سے چند منٹ پہلے یار حسین مین بازار میں اس وقت کیا گیا جب پولیس اہلکار پولیس اسٹیشن واپس جا رہے تھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ چند ماہ سے پاکستان میں پولیس اور دوسرے سیکورٹی اہلکاروں کے خلاف دہشت گردوں کی کاروائیاں بڑھ گئی ہے جن میں بہت سے سکیورٹی اہلکار جاں بحق اور زخمی ہو چکے ہیں جب کہ دہشت گردوں کےخلاف پاکستان کے سیکورٹی اداروں کے آپریشن جاری ہیں۔

دوسری جانب کراچی میں سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ ہونے والی ایک جھڑپ میں تین مشتبہ افراد مارے گئے۔ ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں تین مشتبہ ڈکیت اس وقت پولیس کی جوابی فائرنگ میں مارے گئے جب پولیس نے موٹرسائیکل پر سوار تین افراد کو معمول کی پٹرولنگ کے دوران رکنے کا اشارہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق موٹرسائیکل افراد نے رکنے کی بجائے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی دی جب کی پولیس کی جانب سے جوابی کاروائی میں تینوں افراد مارے گئے اور ان کے قبضے سے مبینہ طورپربرآمد ہتھیار اور موٹرسائیکل پولیس نے اپنے قبضےمیں لے لی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پولیس نے ان افراد کی شناخت کر لی ہے اور اس حوالےسے تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ مقامی سیکورٹی ایجنسی نے کراچی میں بڑھتے اسٹریٹ کرائمز کو روکنے کے لئے اپنی کاروائیاں تیز کر دی ہیں جب کہ خراب اقتصادی صورتحال اور ہر روز کی بڑھتی مہنگائی سے شہر میں ڈکیتی اور چھینا جھپٹی کے جرائم تیزی سے بڑھ رہے ہیںَ۔

ٹیگس