ملک کی معاشی تباہی کا ذمہ دار عمران خان کی سابق حکومت ہے: اسحاق ڈار
Apr ۱۰, ۲۰۲۳ ۱۵:۳۱ Asia/Tehran
پاکستان کی حکومت نے ایک بار پھر ملک کی معاشی تباہی کا ذمہ دار عمران خان کی قیادت میں سابق حکومت کو قرار دیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے پیر کو وزیراعظم شہباز شریف کی موجودگی میں الیکشن اخراجات بل قومی اسمبلی میں پیش کر دیا۔
انھوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی معیشت کی تباہی کا ذمہ عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی حکومت کو قرار دیا۔
انھوں نے کہا کہ دو ہزار تئیس تک پاکستان دنیا کی بیس بڑی معیشتوں میں شامل ہونے جارہا تھا لیکن بقول ان کے سلیکٹڈ حکومت کو نکالاگیا اور اقتدار مخلوط حکومت نے سنبھالا تو اس کو معیشت تباہ حال ملی۔
سلیکٹڈ حکومت سے پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ کی مراد عمران خان کی حکومت تھی ۔
انھوں نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں پر سخت ترین حملے کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کررہی ہے۔
انھوں نے الزام لگایا کہ بقول ان کے پاکستان تحریک انصاف کی اب بھی پوری کوشش ہے کہ ملک دیوالیہ ہوجائے ۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ان کی حکومت کے سامنے پہلا مسئلہ پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچانا تھا اور اس کے بعد ملک کو مرحلے وار ترقی کے راستے پر ڈالنا ہے۔
انھوں نے دعوی کیا کہ اب پاکستان معاشی استحکام سے ترقی کی طرف چل پڑا ہے ۔