پاکستان کے زیرانتظام کشمیراسمبلی چوتھے روز بھی نئے وزیراعظم کے انتخاب میں ناکام
کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر کی زیر صدارت ہوا جو ایک منٹ سے بھی کم وقت کے اندر آج گیارہ بجے تک کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔
سحر نیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق ملک کے زیرانتظام کشمیر کی قانون ساز اسمبلی مسلسل چوتھے روز نئے وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے ایوان کی کارروائی شروع نہ کر سکی جہاں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں تقسیم کی افواہیں ہیں۔
ڈپٹی اسپیکر چودھری ریاض گجر کی زیر صدارت قانون ساز اسمبلی کا اجلاس 11 بجے طلب کیا گیا تھا لیکن 4 گھنٹے سے زائد تاخیر کے بعد تقریباً 3:15 بجے شروع ہوا۔ اسمبلی کے گزشتہ اجلاس کے برخلاف کورم پورا تھا جہاں نگران وزیر اعظم سمیت حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے 13 اراکین اور مخلوط اپوزیشن کے 18 اراکین شریک تھے۔
ڈپٹی اسپیکر نے بغیر کوئی وجہ بتائے یا قوانین معطل کیے ایک منٹ سے بھی کم وقت میں ایوان کا سیشن منگل 11 بجے تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔
حکمران جماعت کے اراکین ڈپٹی اسپیکر کے اعلان پر خاموشی سے ایوان سے باہر چلے گئے اور اسی طرح اپوزیشن اراکین بھی چلے گئے اور کسی کی جانب سے احتجاج نہیں کیا گیا۔
اس اقدام سے ایسا لگتا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اتفاق رائے سے اسمبلی کا اجلاس ملتوی کیا گیا۔